حکومت پاکستان نے امریکی نائب وزیر خارجہ کو ہرقسم کی تلاشی سے استثنیٰ دے دیا
واشنگٹن ٗ اسلام آباد(مسائل نیوز)امریکی محکمہ خارجہ نے کہاہے کہ امریکا کی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین افغانستان کے معاملے پر امریکہ اورپاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے شگاف کو ختم کرنے کے لیے مذاکرات کی غرض سے کل اسلام آباد پہنچیں گی،امریکی ٹی وی کے مطابق ایک بیان میں امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ وینڈی شرمین دوطرفہ ملاقاتوں، سول سوسائٹی کی تقریبات اور انڈیا آئیڈیاز سمٹ میں شرکت کے لیے 6 اکتوبر کو نئی دہلی پہنچیں۔وہ 7 اکتوبر کاروباری شخصیات اور سول سوسائٹی کے اراکین سے ملاقاتوں کے لیے ممبئی کا دورہ کریں گی۔محکمہ خارجہ
کے ترجمان کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ڈپٹی سیکریٹری وینڈی شرمین سینئر حکام سے ملاقاتوں کے لیے 7 سے 8 اکتوبر تک اسلام آباد کا سفر کرنے کے بعد اپنا دورہ مکمل کریں گی۔واشنگٹن میں موجود دیگر سفارتی ذرائع نے کہا کہ یہ ایک اہم اور بائیڈن انتظامیہ کے آنے کے بعد کسی بھی اعلی امریکی عہدیدار کا پہلا دورہ ہوگا۔وینڈی شرمین، امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن کے بعد محکمہ خارجہ کی سب سے سینئر عہدیدار ہیں۔اسلام آباد کی جانب سے اس دورے کو اہم سمجھے جانے کے سوال پر سینئر سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ دورہ افغانستان اور پورے خطے میں پیشرفت دونوں کے تناظر میں بہت نازک وقت میں ہو رہا ہے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ بائیڈن انتظامیہ ایک ساتھ بھارت اور پاکستان کے دوروں میں تذبذب کا شکار نہیں نظر آتی، جیسا کہ ماضی میں ہوتا تھا۔ امریکیوں کا خیال ہے کہ ان معاملات پر موقف میں تبدیلی سے طالبان کی ساکھ پر مثبت اثر پڑے گا اور اقوام متحدہ میں انہیں تسلیم کیے جانے کی راہ ہموار ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت تک پاکستان اور دیگر ممالک کو طالبان کو تسلیم کرنے میں تاخیر کرنی چاہیے۔دوسری جانب نجی ٹی وی کے مطابق امریکی وفد کے استقبال کے لئےوزارت خارجہ نے ایوی ایشن ڈویژن اور نیو اسلام آباد ائیر پورٹ حکام کوانتظامات کے لیے مراسلہ ارسال کردیا ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ امریکی وفد کی اسلام آباد آمد کے موقع پر جسمانی تلاشی، اسکینگ سے استثنیٰ ہوگا، امریکی نائب وزیر خارجہ کے وفد کی تصاویر بھی نہ بنائی جائیں، ان کی آمد اور روانگی کے موقع پر وی آئی پی اسٹیٹ لاؤنج مختص کیا جائے، امریکی وفد کی آمد پر پی سی آر ٹیسٹ سے استثنیٰ دیا جائے، ان کے استقبال کے لئے وزرات خارجہ اور امریکی سفارتخانے کے 5، 5 افراد کو انٹری پاس جاری کیے جائیں، اور انہیں گاڑیوں سمیت اسٹیٹ لاونج کی پارکنگ تک رسائی دی جائے۔
[…] آباد (مسائل نیوز) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ ہم مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے […]