کامیاب اور کامران زندگی بسر کرنے کیلئے ڈِسپلن کو برقرار رکھنا لازمی ہے،گورنر بلوچستان
کوئٹہ(مسائل نیوز)گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ کامیاب اور کامران زندگی بسر کرنے کیلئے ڈِسپلن کو برقرار رکھنا لازمی ہے کیونکہ زندگی کے نشیب و فراز میں نظم وضبط سے ہی مطلوبہ نتائجحاصل کئے جا سکتے ہیں انہوں نے یونیورسٹی آف لورالائی کے وائس چانسلر اور ان کی پوری ٹیم پر زور دیا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء و طالبات کے کردار اور اخلاق سنوارنے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے سموار کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں یونیورسٹی آف لورالائی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مقصود احمد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ اداروں کی بقاء میرٹ کو برقرار رکھنے اور شفافیت کی پاسداری کو یقینی بنانے سے وابستہ ہے. اپنے قومی اداروں کو مضبوط اور مستحکم بنانے سے ہی ہم اپنے مستقبل کو محفوظ بنا سکتے ہیں. گورنر بلوچستان نے کہا کہ اگرچہ یونیورسٹی آف لورالائی کے امور ومعاملات اور کارکردگی میں خاصی بہتری آئی ہے تاہم کارکردگی کی مزید بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں. انہوں نے کہا کہ اساتذہ کرام کی تعیناتی اور پروموشن میں میرٹ کا خصوصی طور پر خیال رکھا جائے. تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہو.