سروسز متاثر ہونے پر فیس بک کے حصص کی قیمت 5.5 فیصد گر گئی
نیو یارک(مسائل نیوز) دنیا بھر میں فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی سروسز میں متاثر ہونے کے بعد امریکی اسٹاک مارکیٹ میں فیس بک کے حصص کی قیمت 5.5 فیصد گرگئی۔
دنیا بھر میں فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی سروسز کئی گھنٹے سے تعطل کا شکار ہیں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔ وہیں امریکی اسٹاک مارکیٹ میں فیس بک کے حصص کی قیمت گرگئی ہے۔
نیو یارک میں امریکی اسٹاک ایکسچینج میں فیس بک کے حصص کی قیمت 5.5 فیصد تک گر گئی ہے۔
خیال رہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں واٹس ایپ ،فیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز ڈاؤن ہو گئی ہیں۔فیس بک واٹس ایپ اور انسٹا گرام استعمال کرنے والے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے ۔
ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کا کہنا ہے کہ 14 ہزار سے زائد واٹس ایپ یوزرز ، انسٹا گرام کے 12 ہزار اور فیس بک کے 25 سو یوزرز نے سروس معطل ہونے کی رپورٹ کی ہے۔
فیس بک پر کوئی چیز اپ ڈیٹ نہیں ہو رہی جبکہ واٹس ایپ سے کوئی میسج بھیجا جا رہا ہے اور نہ ہوئی کوئی میسج ریسیو ہو رہا ہے۔ واٹس اپ ، انسٹاگرام فیس بک کی ملکیت ہیں اور ایک ہی نظام کے تحت آپریٹ ہوتی ہیں۔
فیس بک انتظامیہ نے تین ایپس کی خرابی کی ابھی تک کوئی وجہ نہیں بتائی ۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کچھ غلط ہوا جسے ماہرین ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔جلد سروسز بحال ہوجائیں گی۔