عمر شریف کی تدفین عبداللّٰہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں کرنے کی اجازت
کراچی(مسائل نیوز)ملک کے لیجنڈری کامیڈین اور اداکار عمر شریف کی عبداللّٰہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں تدفین کی محکمۂ اوقاف نے اجازت دیدی ہے۔
عبداللّٰہ شاہ غازی کے مزار کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عمر شریف کی تدفین کے لیے محکمۂ اوقاف نے اجازت دے دی۔
مزار انتظامیہ نے بتایا کہ تدفین کے لیے جگہ کا تعین اہل خانہ کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
اس سے قبل عمر شریف کے انتقال کے بعد ان کی اہلیہ رزیں غزل نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ عمر کی یہ خواہش تھی کہ انہیں عبداللّٰہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں سپرد خاک کیا جائے۔
اس متعلق زریں غزل کا مزید کہنا تھا کہ میں شکریہ ادا کرتی ہوں کہ سندھ حکومت نے ان کی اس خواہش کو پورا کیا ہے۔
زرین غزل کا مزید کہنا تھا کہ میں نے مولانا تقی عثمانی صاحب سے درخواست کی ہے کہ وہ عمر شریف کی نماز جنازہ پڑھائیں اور انہوں نے اسے قبول بھی کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ لیجنڈ کامیڈین عمر شریف کا طویل علالت کے بعد جرمنی کے اسپتال میں انتقال ہوا، وہ 4 روز سے جرمنی کے اسپتال میں داخل رہے ، انہیں کراچی سے واشنگٹن علاج کیلئے پہنچایا جارہا تھا لیکن ناساز طبیعت کے باعث انہیں جرمنی کے اسپتال میں ہی داخل کردیا گیا تھا۔
عمر شریف کافی عرصے سے عارضہ قلب ، گردے اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔
خیال رہے کہ عمر شریف نے اپنے کیریئر کا آغاز 1974میں 14سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیا تھا اور 1980 میں پہلی مرتبہ آڈیو کیسٹ پر اپنے ڈرامے ریلیز کیے تھے۔
عمر شریف ٹی وی، اسٹیج اداکار، فلم ڈائریکٹر کے طور پر جانے جاتے تھے، انہوں نے اسٹیج و تھیٹر میں ناصرف ملک میں بلکہ سرحد پار بھی بہت مقبولیت حاصل کی۔
انہوں نے تقریباً 5 دہائیوں تک شوبز میں کام کیا ہے اور درجنوں، ڈراموں، اسٹیج تھیٹرز اور لائیو پروگرامز میں پرفارم کیا۔