اسلام آباد(مسائل نیوز) وزیرخزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ کامیاب پاکستان پروگرام میں چودہ سو ارب روپے کے قرضے 37لاکھ گھرانوں کو دیے جائیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ شوکت ترین نے بتایا کہ کامیاب پاکستان پروگرام کے افتتاح کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے، اس پروگرام کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان 4 اکتوبر 2021 کو کریں گے۔
وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ کامیاب پاکستان اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام ہے،اس پروگرام میں 37 لاکھ گھرانوں کو 1400 ارب کے قرضے دیے جائیں گے، یہ پروگرام ملک میں غربت کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کرے گا، یہ غریب اور کمزور طبقات کے حوالے سے ریاست کے احساس ذمہ داری کی عملی تعبیر ہے
شوکت ترین نے کہا کہ یقیناً پاکستان میں اپنی طرز کا یہ پہلا پروگرام ہے، جسے معاشرے کے محروم طبقات کی زندگیاں بدلنے اور انہیں مالی لحاظ سے بااختیار بنانے کے لئے تشکیل دیا گیا ہے، اس کے تحت مائیکروفنانس اداروں کے ذریعے بینکوں اور کم آمدنی والے طبقات کو آپس میں جوڑا جائے گا۔
وزیرخزانہ نے بتایا کہ کامیاب پاکستان پروگرام کے پانچ اجزا ہیں۔ کامیاب کسان کے ذریعے کسانوں کو بلا سود قرضے دئیے جائیں گے، کامیاب کاروبار پروگرام کے تحت کاروبار کے لئے 5 لاکھ روپے تک بلا سود قرضے دئیے جائیں گے۔ سستا گھر اسکیم کے تحت اپنا گھر بنانے کے لئے آسان اقساط پر فنانسنگ کی سہولت حکومت پاکستان کے کامیابی سے جاری skilled based اسکالر شپ سکیم اور صحت انصاف کارڈ کو کامیاب پاکستان پروگرام کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔