دہشتگردی کے خاتمے میں پولیس نے ہمیشہ فرنٹ لائن کا کردار ادا کیا ہے:وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (مسائل نیوزڈیسک )
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے یومِ شہداءپولیس کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ یوم شہدائے پولیس بہادر جوانوں کی عظیم قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے۔شہداءپولیس کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے پولیس کی بے پناہ قربانیوں کے باعث صوبے میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔دہشتگردی کے خاتمے میں پولیس نے ہمیشہ فرنٹ لائن کا کردار ادا کیا ہے۔صوبے کی عوام کی جان و مال کے تحفظ میں پولیس کا کردار اہم ہے۔
آج ہم پولیس کے ان تمام شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے صوبے میں امن وامان کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔وزیراعلی کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت پولیس کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے۔جرائم کے خاتمے کے لیے محکمہ پولیس کو جدید آلات اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جا رہا ہے جبکہ پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ڈیٹا کمانڈ اینڈ کمیونیکیشن سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے شہدائ پولیس کے اہل خانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت شہداءکے خاندانوںکے ساتھ ہے۔