سری لنکن گلوکارہ نے دنیا بھر کے فنکاروں کو اپنا مداح بنا لیا
کولمبو(مسائل نیوز) سری لنکن گلوکارہ نے دنیا بھر کے فنکاروں کو اپنا مداح بنا لیا ۔ پاکستان بھارت سری لنکا سمیت دنیا بھر میں 136 ملین سے زائد لوگ گیت کے دیوانے بن گئے ۔ یوہانی ڈی سلوا کے گیت ” مانیکے ماگے ہیٹے ” نے گلوکارہ کو راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پنچا دیا ۔
28 سالہ سری لنکن گلوکارہ یوہانی ڈی سلوا اپنے ملک کی واحد گلوکارہ ہیں جن کے یوٹیوب پر مداحوں کی تعداد 2.46 سے زیادہ ہوچکی ہے ۔ ان کے ایک گیت نے ان کو بین الاقوامی شہرت دلادی ہے ۔ سوشل میڈیا صارفین ہوں یا شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات سب ہی اس گانے کے دیوانے بن چکے ہیں۔
بھارتی اداکار امیتابھ بچن نے اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا ہے کہ میں اس گیت کو کئی بار سن چکا ہوں ۔
یوہانی ڈی سلوا 30 جولائی 1993ء میں کولمبو میں پیدا ہوئیں۔ ” مانیکے ماگے ہیٹے” سے پہلے ان کا گیت ” دیویانگے باری” بھی بہت مقبول ہوا تھا۔
سنہالی زبان کا یہ گانا 2020ء میں گلوکار سیتھیشان رتھنیاکا (ڈولن اے آر ایکس) نے گایا تھا لیکن اتنا مقبول نہیں ہوسکا تھا ۔
تاہم یوہانی ڈی سلوا کی آواز نے اس گیت کو چارچاند لگا دیئے ۔
میوزک پرڈیوسر چاماتھ سنگیتھ نےاس گیت بارے کہا ہے کہ 2020ء میں جب پہلی مرتبہ گلوکار ساتھیشان نے اس گیت کے بارے میں مجھے بتایا تو مجھے یہ گیت متاثر نہیں کرسکا تھا اور میں نے اس پر کام کرنے سے انکار کردیا تھا لیکن جب وہ اس گیت کو تبدیل کرکے لائے تو پھر میں نے اس پر کام کیا اور آج یہ گیت دنیا بھر میں مقبول ہے ۔
یاد رہے کہ سوہانی ڈسلوا کا گیت اس حد تک مقبول ہوچکا ہے کہ عوام اس گیت کی موبائل ٹونز اپنے فونز پر لگا رہے ہیں ۔
جبکہ شوبز شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین اس کے سحر میں مبتلا ہو کر انسٹاگرام پر اس پر تھرکتے ہوئے اپنی ویڈیوز اپ لوڈ کر رہے ہیں۔
پاکستانی اداکارہ فریال محمود بھی اس گانے کے مداحوں میں شامل ہیں جو اس پر ڈانس کئے بغیر نہ رہ سکیں۔ انہوں نے انسٹاگرام پر اس گانے پر مستی میں جھومتے ہوئے اپنی ویڈیو پیش کی لیکن پاکستانیوں نے اپنی عادت سے مجبور ہو کر انھیں شدید تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔