شاہین کا سفر رواں دواں، 9 واں الرٹ جاری
اسلام آباد(مسائل نیوز)محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان شاہین سے متعلق 9 واں الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب کے شمال مغرب میں شدید سمندری طوفان موجود ہے، یہ طوفان 12 گھنٹوں کے دوران 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق یہ طوفان کراچی کے مغرب اور جنوب مغرب سے 780 کلو میٹر دور ہے۔
الرٹ کے مطابق یہ طوفان اورماڑہ سے 530 کلو میٹر اور گوادر سے 300 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ طوفان مسقط سے 120 کلو میٹر دور مشرق اور شمال مشرق میں موجود ہے، جس کے اطراف ہواؤں کی رفتار 115 سے 125 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔
طوفان کے باعث آج کہاں بارش ہو گی
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث گودار، کیچ اور پنجگور میں آج شام تک گرج و چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ماہی گیروں کےلئے خصوصی ہدایت
محکمہ موسمیات نے جاری کردہ الرٹ میں خبر دار کیا ہے کہ طوفان کے دوران سمندر میں طغیانی رہ سکتی ہے، اس لیے ماہی گیر آج گہرے سمندر میں جانے سے اجتناب کریں۔
محکمہ موسمیات نے اپنے الرٹ میں یہ بھی کہا ہے کہ تیزہوائیں گوادر اور جیوانی کے ساحل پر کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
کراچی کا موسم
شہرقائد میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔
محکمہ مو سمیات کے مطابق آج کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد ہے ، شہر میں 10 تا 12 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جنوب مشرقی ہوا چل رہی ہے۔
شہرقائد میں بارش ہو گی یا نہیں؟
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں شہرقائد میں بارش کا امکان نہیں ہے، کچھ مقامات پر بوندا باندی ہو سکتی ہے۔
کوئٹہ میں زلزلہ
کوئٹہ: ضلع خضدار کے مغربی علاقے میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز خضدار سے 65 کلومیٹر مغرب میں واقع تھا، زلزلے کی شدت ریکٹراسکیل پر 3.4 ریکارڈ کی گئی۔