امریکی دوا ساز کمپنی نے کورونا وائرس کیلئے تجرباتی گولی تیار کر لی
واشنگٹن(مسائل نیوز)امریکی دوا ساز کمپنی مرک کا کہنا ہے کہ انہوں نے کورونا وائرس کے علاج پر تحقیق میں تجرباتی گولی بنائی ہے جس نے کورونا میں مبتلا مریض کے ہسپتال میں داخلے یا موت کے امکان کو نصف کر دیا ہے۔برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق ادویات ساز کمپنی مرک اور اس کی شراکت دار کمپنی ریج بیک بائیوتھراپیٹکس کا کہنا ہے کہ ابتدائی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ جن لوگوں نے کووڈ کی علامات ظاہر ہونے کے 5روز کے اندر مولنوپیراویر نامی اینٹی وائرل گولی لی ان میں ہسپتال میں داخل ہونے اور موت کا امکان آدھا رہ گیا اور اس کے نتائج اتنے بہترین تھے کہ گولی کے آزمائشی استعمال کی نگرانی کرنے والے طبی ماہرین کے ایک آزاد گروپ نے کلینکل ٹرائل کو قبل از وقت ختم کرنے کی سفارش کر دی ۔
انہوں نے بتایا کہ وہ جلد ہی امریکہ اور دنیا بھر میں صحت کے حکام سے درخواست کر یں گے کہ اس گولی کے استعمال کی منظوری دے دی جائے۔انہو ں نے بتایا کہ انتظامی اداروں کی طرف سے منظوری کے بعد یہ دوا کووڈ کے علاج کے لیے اپنی نوعیت کی پہلی گولی ہو گی جو پہلے سے موجود ان ادویات کا حصہ بن جائے گی جو پہلے سے ویکسین کی شکل میں موجود ہیں اور اس گولی کی منظوری کی صورت میں اسے فوری طور پر تقسیم کرنا شروع کر دیا جائے گا۔