نوجوان اپنی توانائیاں بروئے کار لا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، قاسم سوری
اسلام آباد( مسائل نیوز ) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے جمعہ کے روز ینگ پارلیمنٹری فورم (وائی پی ایف) ، پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمانی سروسز (پیپس) اور پائیدار سماجی ترقی کی تنظیم (ایس ایس ڈی او) کے مابین پارلیمنٹ ہاو س میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجوں کے حل کے لئے نوجوانوں کی شرکت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پائیدار معاشی اور سماجی ترقی نوجوانوں کی فعال شرکت کا مطالبہ کرتی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ PIPS نوجوان اراکین پارلیمنٹ کی استعداد کار میں اضافے کے لیے موثر پلیٹ فارم مہیا کرسکتا ہے تاکہ ایوان کی کارروائی کے دوران ان کی شرکت کو زیادہ معنی خیز بنایا جا سکے۔ سیکرٹری جنرل وائی پی ایف عظمہ ریاض نے کہا کہ وائی پی ایف ، PIPS اور ایس ایس ڈی او کے مابین اشتراک سے نوجوان پارلیمنٹیرین کی شرکت کو مزید موثر بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی و اقتصادی ترقی میں نوجوانوں کی شمولیت وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا وڑن ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں پی PIPS اور ایس ایس ڈی او کے کردار کو سراہاکہا کہ ملک کی معاشی اور سماجی ترقی میں نوجوان پارلیمنٹرین کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے۔