لاہور: سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ انسان غلط کام خود کرتا ہے اور پھر کہتا ہے کہ اللہ مالک ہے، کالا کبھی سفید نہیں ہو سکتا جب تک خود اس کو ٹھیک کرنے کیلئے محنت نہ کی جائے۔
سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی سے دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران حاجی محمد عمران عطاری نے ملاقات کی، ملاقات میں مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی یعفور رضا عطاری، چودھری صباحت الٰہی، رانا خالد اور آصف پولانی بھی موجود تھے۔
حاجی عمران عطاری اور حاجی یعفور رضا عطاری نے چوہدری شجاعت حسین کو دعوتِ اسلامی کے مختلف شعبہ جات بارے بریفنگ دی، جب کہ حاجی عمران عطاری نے چودھری شجاعت حسین کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی۔