کیا واقعی ہی امریکہ کی جانب سے پاکستان پر پابندیاں لگائی جارہی ہیں؟ وزیر داخلہ شیخ رشید نے حقیقت بیان کردی
اسلام آباد(مسائل نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان پر پابندیو ں کے حوالے سے امریکی سینیٹ میںری پبلکن پارٹی کے 22ممبران نے ایک بل پیش کیا ہے ، اس بل کے حوالے سے پڑھ لکھ کر باتیں کی جائیں،اس بل پر ابھی دیکھتے ہیں کیا ہوگا ، اس پر فیصلہ آنے میں سال لگے گا،ہم پر بہت پہلے بھی پابندیاں رہی ہیں لیکن اللہ اور اس کے نبی ﷺ کا سایہ اس ملک پر ہے اس لئے دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کونقصان نہیں پہنچا سکتی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں 500مدرسے ہیں اور 1000مساجد ہیں جن میں سے صرف 80مساجد سرکاری ہیں، ان میں سے ایک یادو مدرسے سیاست کرتے ہیں لیکن کوئی بات نہیں ، پاکستان میں جب تک مساجد اور مدرسے آباد ہیں دنیا کی کوئی طاقت ملک کو نقصان نہیں پہنچا سکتی ، ختم نبوت پر ہمارا ایمان ہے اور جس کا ختم نبوت پر ایمان ہے وہی صیح مسلمان ہے۔ انشا ءاللہ ہم عمران خان کی قیادت میں اس ملک میں نظام مصطفی کے لئے او ر ریاست مدینہ کے قیام کے لئے بھرپور کوششیں کریں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم انسانی بنیادوں پر افغانستان کی مدد کرنا چاہتے ہیں اور ہم مسلمانوں کا فرض ہے کہ ہم کوئی انسانی بحران پید ا نہ ہونے دیں اورہم دنیا کے ساتھ بھی چلیں اور اپنے افغانی بھائیوں کے ساتھ بھی چلیں ، ہمیں افغانستان سے پوری توقع ہے کہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی ) کسی قسم کی شرانگیزی نہیں کرنے دے گاورنہ پاکستان کی حفاظت کےلئے ہماری عظیم فوج اور 22کروڑ عوام جذبہ شہادت سے سرشار ہیں آگے ہم نے 86ہزار جانیں قربان کی ہے ایک لاکھ افراد زخمی ہوئے ہیں اگر اب بھی وطن کو ضرورت پڑی تو انشاءاللہ کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ شوکت ترین نے بتایا کہ پوری دنیا میں پٹرول کی قیمتیں بڑھی ہیں،ہم معاشی لحاظ سے کافی مشکلات میں گھرے ہیں اور جو دنیا میں پٹرول کا ریٹ ہے اس کی وجہ سے پاکستان میں پٹرول کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ٹائیں ٹائیں فش ہیں۔