محمد حفیظ کے ساتھ کوئی اختلافات نہیں ہے :وسیم خان
کراچی ( سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے واضح کیا ہے کہ آل راؤنڈر محمد حفیظ کے ساتھ کوئی اختلافات نہیں ہے ۔پی سی بی حکام کے ساتھ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ محمد حفیظ کے ساتھ ان کے اچھے تعلقات ہیں، ان کی پرفارمنس پر انہیں کنٹریکٹ دے رہے تھے ، فیصلہ یہی تھا کہ انہیں ریوارڈ دینا چاہیے ، مگر انہوں نے خود ہی جون تک انتظار کرنے کا کہہ دیا۔وسیم خان نے بتایا کہ حفیظ کو خریدنے والی بات بے بنیاد ہے ، محمد حفیظ کی پرفارمنس قابل تعریف ثابت ہورہی ہے ، حفیظ کو سنٹرل کنڑیکٹ کی سی گیٹیگری میں ڈالنے کا دفاع کرتے ہوئے وسیم خان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں اسی طرز سے کنٹریکٹ دئیے جاتے ہیں۔سی ای او وسیم خان کا مزید کہنا تھا کہ کئی ممالک میں پی ایس ایل میچ نشر کیاجاناخوش آئند ہے ، پی ایس ایل میں ہر لحاظ سے بہتری لائی جارہی ہے ، یہ کرکٹ کا ایک بڑا پراڈکٹ بن چکا ہے ۔