لگتا ہے اس سال بھی ایشیا کپ ناممکن ہو گا : احسان مانی
کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ بھارت میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے آئی سی سی سے کھلاڑیوں کے ویزوں کیلئے تحریری ضمانت مانگی ہے ،لگتا ہے اس سال بھی ایشیا کپ ناممکن ہو گا، سری لنکا نے جون میں میزبانی کا کہا تھا لیکن اب تاریخوں کا کلیش آ رہا ہے ، جون میں ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل ہے ، لگتا ہے کہ ایشیا کپ 2023 تک ملتوی کرنا پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احسان مانی نے کہا کہ بھارت میں 2 اکتوبر سے آئی سی سی ایونٹ ہونے جا رہا ہے ۔ آئی سی سی سے کہا ہے ہمیں تحریری تصدیق چاہیے کہ کھلاڑیوں، سکواڈ، صحافیوں اور کراؤڈ سمیت سب کو ویزے ملیں۔ کل بھی آئی سی سی سے ورچوئل میٹنگ ہے ، میٹنگ میں معاملہ دوبارہ اٹھاں گا۔ بھارت اگر پاکستانی سکواڈ کو ویزے اور مکمل سکیورٹی نہیں دے سکتا تو ایونٹ کی میزبانی کسی دوسرے ملک کو دینے پر زور دیا جائے گا۔